گلبرگہ : کرناٹک کے وزیر شہری ترقیات و حج آر روشن بیگ نے تین طلاق کے
معاملہ پر وزیر اعظم مودی کے حالیہ بیان پر طنزیہ انداز میں حملہ کیا۔ بیگ
کا کہنا ہے کہ یوپی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹوں کو پولارائز کرنے کے
لیے اس طرح کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ ٹیپو سلطان جینتی کی بی جے پی کی
مخالفت کو بھی بیگ نے سیاسی تماشہ قرار دیا ۔ تین طلاق کے معاملہ پر وزیر اعظم مودی اور ان کے وزرا کے مسلسل بیانات کو
روشن بیگ ایک سیاسی تماشہ قرار دے رہے ہیں۔ تین طلاق کی مخالفت میں وزیر
اعظم کے بیان پر روشن بیگ نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا۔بیگ نے مرکزی حکومت
پر ایک مخصوص گروپ کے اشارے پر کام کرنے کا
الزام عائد کیا۔
ریاستی وزیر کا کہنا ہے کہ یوپی انتخابات کو نظر میں رکھتے ہوئے مسلمانوں
کو طرح طرح کے مسائل میں الجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کرناٹک میں ٹیپو
سلطان جینتی کو سرکاری سطح پر منانے کی بی جے پی کی مخالفت کو بیگ نے غیر
ضروری قرار دیا۔ بیگ کا کہنا ہے کہ بی جے پی رہنما خود بھی جانتے ہیں کہ
ٹیپو ایک عظیم مجاہد آزادی وسیکولر حکمران تھے، پھر بھی بی جے پی اس
معاملہ پر سیاست کر رہی ہے ۔ بیگ کا کہنا ہے کہ جس طرح سے اسمبلی انتخابات
قریب آتے جائیں گے، بی جے پی گُل کھلانے کی کوشش کرتی رہے گی۔ بیگ نے اس
موقع پر تمام سیکولر ہندوستانیوں سے بی جے پی کی چالوں پر نظر رکھنے کی
اپیل بھی کی۔